نوشہرہ ورکاں : ناقص شوارما کھانے کے بعد متعدد بچے اور افراد کی حالت غیر، ہسپتال منتقل
نوشہرہ ورکاں(نامہ نگار)شہر کے مرکزی حیدریہ چوک میں ناقص شوارما کھانے کے بعد متعدد بچے اور افراد کی حالت غیر، ہسپتال منتقل،شہریوں کا انتظامیہ سے کاروائی کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق حیدریہ چوک میں واقع ایک شوارما شاپ سے کھانا کھانے کے بعد متعدد بچے اور مختلف فیملیوں کے افراد کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی پرائیویٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ڈرپس اور طبی امداد دی جا رہی ہے۔متاثرہ خاندانوں کے مطابق بچوں اور بڑوں کو الٹی، پیٹ درد اور متلی جیسی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد نے مبینہ طور پر مذکورہ شاپ سے شوارما خریدا تھا۔تاحال انتظامیہ یا فوڈ اتھارٹی کی جانب سے واقعے کی باضابطہ تصدیق یا کارروائی کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے علاقہ مکینوں نے فوڈ سیفٹی کے معیار کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جانی چاہیے۔
