معروف کبڈی پلئیر ''ماکھا جٹ ''میچ کے دوران اچانک زمین پر گر گئے ،افسوسناک موت کی اصل وجہ سامنے آگئی
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)وہاڑی کے نواحی گائو ں میں کبڈی میچ کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں معروف کھلاڑی ''ماکھا جٹ ''جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گائو ں میں فلڈ لائٹ کبڈی ٹورنامنٹ جاری تھا کہ اچانک میچ کے دوران کھلاڑی ماکھا جٹ کھیلتے ہوئے زمین پر گر گئے۔ منتظمین اور تماشائی فوری طور پر ان کی جانب دوڑے اور انہیں شدید تشویشناک حالت میں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ماکھا جٹ کو دل کا دورہ پڑا ۔مرحوم کے انتقال کی خبر سنتے ہی ٹورنامنٹ کی فضا سوگوار ہو گئی، تماشائی اور کھلاڑی غم سے نڈھال نظر آئے۔ علاقے کے سماجی و کھیلوں کے حلقوں نے ماکھا جٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔