JavaScript is not enabled!...Please enable javascript in your browser

جافا سكريبت غير ممكن! ... الرجاء تفعيل الجافا سكريبت في متصفحك.


ہوم

زرعی و ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان : صوبوں سے ملکر نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا ملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنیوالے فتنے کا مکمل خاتمہ ہمارا اولین فرض : شہباز شریف


زرعی و ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان : صوبوں سے ملکر نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا ملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنیوالے فتنے کا مکمل خاتمہ ہمارا اولین فرض : شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، چاول، مکئی، گنا اور کپاس سمیت بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان ہوا، ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب ہے، صوبوں سے مل کر نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج ہے، پاکستان تنہا اس سے نہیں نمٹ سکتا، روڈ میپ وضع کرنا ہوگا، ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ ہمارا اولین فرض ہے، شہدا کی قربانیوں کی سوشل میڈیا پر تضحیک کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کابینہ کو بتایا کل میں نے جی ایچ کیو میں پاک فوج کے بہادر افسر میجرعدنان اسلم جنہوں نے فتنہ الخوارج کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ان کے والد اورخاندان کے دیگر افراد سے بھی ملاقات ہوئی ،شہید کے والد انتہائی جذبے سے سرشار تھے ۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنر ل سید عاصم منیر کی موجودگی میں مجھے کہا انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے حتی کہ ان کی بہنوں نے کہا ہمارے بھائی نے عظیم قربانی دی ہے ،شہید کے اہلخانہ نے بھی مادر وطن کیلئے قربانی دینے کے جذبے کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہا یہ جذبات صرف میجر عدنا ن اسلم شہید کے خاندان کے نہیں بلکہ پاک فوج کے تمام افسر اور جوان اسی جذبے سے سرشار ہیں ، پوری قوم شہدا، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کچھ لوگ ان قربانیوں کی سوشل میڈیا پر جس طرح تضحیک کررہے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،پاکستان کو فتنہ الخوارج سے نجات دلانے کیلئے جو عظیم قربانیاں دی جارہی ہیں ان کا ادراک ہونا چاہئے ، اس فتنے کی بیخ کنی نہ کی گئی تو پاکستان کے ساتھ اس سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوگا، یہ ہمارا قومی و ملی فریضہ ہے کہ اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے ، افواج پاکستان اور ان کی قیادت کو جس طرح سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جارہا ہے یہ ناقابل برداشت ہے ،اس کا سر کچلنا ہو گا۔

وزیراعظم نے دورہ چین پر کابینہ کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا نائب وزیراعظم ، متعلقہ وزرا اور ایس آئی ایف سی کے حکام سمیت حکومتی ٹیم کی کاوشوں کے نتیجے میں چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور بزنس کانفرنس کا شاندار انعقاد ہوا،ہمیں اس معاملے پر مسلسل اورمزید پیشرفت کرنا ہوگی۔ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی،تاخیریا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔26ستمبرکو وفاقی وزیر احسن اقبال چین جائیں گے اور وہاں سی پیک 2.0 کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کا اعلان ہوگا۔وزیراعظم نے بتایا کہ چین میں بزنس ایونٹ کے دوران ساڑھے 8ارب ڈالرکے اعلانات ہوئے ،اس میں جوائنٹ وینچرز اور ایم او یوز دونوں شامل ہیں ۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا گزشتہ روز امریکی کمپنیوں کے ساتھ بھی ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت مائنز اینڈ منرلز بالخصوص جیمز اینڈ سٹونزکے حوالے سے امریکی سرمایہ کاری آئے گی۔وزیراعظم نے کہا حکومت امریکا کے ساتھ تعلقات کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے ، ہم نے امریکا کے ساتھ بھی بہتر تعلقات استوار کرنے ہیں اورچین کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو بھی مضبوط بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر ،خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی،اب سیلابی پانی سندھ میں بھی داخل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں ، آئندہ ہفتے میں اعدادوشماراور تفصیلات سامنے آجائیں گی، چاول ، مکئی ، گنا اورکپاس سمیت بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان ہوا ہے جن کا درست تخمینہ لگایا جارہا ہے ، یہ معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی لے کر آئیں گے ۔وزیراعظم نے دعا کی سندھ میں سیلاب سے کم سے کم نقصانات ہوں۔

وزیراعظم نے ملک میں ماحولیاتی وزرعی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا وفاقی کابینہ احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کررہی ہے جس میں متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز شامل ہونگے ، چیف سیکرٹریزبھی کمیٹی کا حصہ ہونگے ۔ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائے گا جس میں چاروں صوبائی وزرا اعلی اورمتعلقہ افسر بھی موجود ہونگے ،وفاق اور صوبوں کومل کر صورتحال سے نمٹنا اور نقصانا ت کا ازالہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے قطر میں اسرائیل کے سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا اسرائیل نے قطر کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کیا ہے ، فلسطین میں بے گناہ بچوں ، بوڑھوں، جوانوں اور مرد وزن کا خون بہایا جارہا ہے ، دنیا کی تاریخ میں اس قتل وغارت کی مثال نہیں ملتی۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملک بھر میں رواں برس مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کلائمیٹ اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری دی گئی ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی کابینہ نے وزارت پٹرولیم کی سفارش پر صارفین کو آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی جس سے صارفین کو ایل پی جی کی نسبت 30 فیصد کم لاگت میں گیس دستیاب ہوگی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم چاروں صوبوں کے وزرا اعلی اور متعلقہ حکام پر مشتمل اجلاس کی جلد صدارت کریں گے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے مزید نقصانات میں کمی کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔ وفاقی کابینہ کو ملک میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور نقصانات پر بریفنگ دی گئی اور سیر حاصل مشاورت کے بعد ایمرجنسی کی اصولی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ ارکان نے ملک میں لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلوں کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور انفراسٹرکچر کی بحالی و زراعت میں ہونے والے نقصانات کے ازالے اور کسانوں کی معاونت کے حوالے سے بھی تجاویز دیں۔ وفاقی کابینہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہدا اور افواج پاکستان کے مخالف تضحیک آمیز مواد و بیان نشر کرنے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل افواج پاکستان کے افسروں و جوانوں کو اور ملک میں امن کے قیام کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے ایسے شر پسند عناصر کے سد باب کیلئے سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے بنوں آپریشن میں عظیم قربانی دینے والے میجر عدنان اسلم شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر جنید انوار کی والدہ، وزیر مملکت ملک رشید احمد خان کے بڑے بھائی حاجی حنیف خان اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے والد آصف سنجرانی کیلئے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعظم نے دوحہ میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے غیر قانونی اور گھنانی بمباری کی شدید مذمت کی ۔ وزیر اعظم نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آر ایل این جی کنکشنز فراہمی کی منظوری کے بعد سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیاں کنکشنز کی فراہمی کا عمل شروع کریں گی۔کابینہ نے وزارت ریلوے کی سفارش پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی پر سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی بعد از وقوع توثیق کی ۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی ، بین الحکومتی تجارتی لین دین اور قانون سازی کیسز سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے گیس کے نئے کنکشن دئیے جائیں گے جو مشکلات گیس کا کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو پیش آرہی تھیں وہ دور ہوں گی۔ علی پرویز ملک نے کہا ایل پی جی مہنگا ترین ایندھن ہے اور لوگوں کو سلنڈر بھروانے میں بھی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے ۔انہوں نے کہا آر ایل این جی مہنگی ہوگی مگر پھر بھی یہ درآمد کردہ ایل پی جی سے 30 سے 35 فیصد سستی ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبا زشریف نے کہاہے عوام کو سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری سیلاب سے بچ سکیں۔سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہیں،کراچی میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات لیے جائیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سندھ بالخصوص کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے این ڈی ایم اے کو امدادی کارروائیوں کے لیے صوبائی حکومت اور سندھ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کراچی میں متحرک امدادی کارروائیوں پر ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کی پذیرائی کی اور گڈاب ندی میں شہریوں کے ڈوبنے پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف سے بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے وزیراعظم ہاس میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے بحرین کے وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے ۔ وزیر اعظم نے بحرین کے پولیس اہلکاروں کی نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت کے حوالے سے بھی پیشکش کی۔وزیراعظم سے سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشن آذربائیجان کے چیئرمین علووی مہدییو نے بھی ملاقات کی ۔اسلام آباد میں ایجنسی کے اشتراک سے آسان خدمت مرکز قائم کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی کا نیا سنگ میل طے ہونے جا رہا ہے ۔ آسان خدمت مرکز کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سروسز ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ آسان خدمت مرکز کے لئے شفاف اور میرٹ پر تعیناتیاں کی جائیں گی ۔سٹیٹ ایجنسی آذربائیجان اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے درمیان اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے حوالے سے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے، وزیر اعظم بھی تقریب میں موجود تھے۔

کراچی (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں دوروز سے جاری بارش سے ندیاں دریاں میں تبدیل ، کئی علاقے زیرآب،اموات 9 ہوگئیں، امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا، سیلابی ریلے داخل ہونے سے حب ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران وقفے وقفے سے مسلسل بارش نے تباہی مچا دی، ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاوں میں تبدیل ہوگئیں، نشیبی علاقے ڈوب گئے ، میئر کی درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ نے فوج طلب کرلی، شہر کے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کی ٹیموں نے سیکڑوں شہریوں کو ریسکیو کیا۔گڈاپ ٹاون کونکرندی میں رکشے اور 2 گاڑیاں بہہ جانے کے باعث ڈوبنے والی گاڑیوں میں سوار7 افراد میں سے ماں بیٹے سمیت 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں،جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے ۔ نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں 18 سالہ نوجوان احمد قادر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ملیر ندی میں 2 افراد کے لاپتا ہونے کے بعد ایک شخص مصطفی علی گلاب کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دوسرے نوجوان فاران اکرم کی تلاش جاری ہے۔

شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، مسلسل بارش کے باعث کراچی کے ڈیم اوور فلو ہوگئے ، جس کے باعث پانی سعدی ٹاون سمیت سکیم 33 کے متعدد رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ملیر، ایم نائن، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، لیاری ندی، ملیر ندی، مچھر کالونی سمیت دیگر علاقے ڈوب گئے ،ملیر اور لیاری کی ندی میں پانی کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہونے سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ۔تھڈو ڈیم کی سطح گنجائش سے زیادہ ہونے پر قریبی علاقے ڈوب گئے ، پانی کا ریلا ہائی روف، رکشے اور موٹر سائیکل کو بہا لے گیا، تھڈو ڈیم کا پانی موٹروے ایم نائن پر بھی آگیا، جس کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، جسے بعد ازاں کئی گھنٹے بعد بحال کیا گیا۔ملیر میمن گوٹھ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پاک فوج کی مدد سے 11 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ 2 روز سے جاری بارشوں سے حب ڈیم بھرنے لگا ہے ، حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 2 فٹ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، حب ڈیم میں پانی کی گنجائش 339 فٹ ہے ، جبکہ حب ڈیم میں پانی 335 فٹ کی سطح تک پہنچ گیا ہے ۔

حب ڈیم بھرنے میں 4 فٹ کی گنجائش رہ گئی، حب ڈیم میں سیلابی ریلے داخل ہونے سے پانی کی سطح مسلسل بڑھتی جا رہی ہے ۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک پندرہ میں قائم رہائشی عمارت کے 2 بلاکس دھنس گئے ، واقعہ صبح ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔ وائس چیئرمین ٹاون نے بتایا کہ عمارت 2005 میں نالے کی جگہ پر تعمیر کی گئی ہے جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔کراچی میں بارشوں کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شاہراہ بھٹو کا دورہ کیا،اورملیرندی کاجائزہ لیا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا 24 سے 48 گھنٹے میں بارش کا نیا سپیل آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ،بارشوں کے بعد پیدا صورتحال بتدریج بہتری کی طرف جا رہی ہے ، سمندر میں اونچی لہروں کی وجہ سے بھی بارش کے پانی کے اخراج میں تاخیر ہوئی، کچھ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مزید بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال کچھ ہی گھنٹوں میں معمول پر آ جائے گی۔ کراچی میں بارش کا موجودہ سپیل آج شدت اختیار کرے گا۔


نامای میلپیغام