سیلاب زدگان کی بحالی بڑا چیلنج، مریم نواز جلد ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی: عظمی بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا ہے، سیلاب زدگان کی بحالی بڑا چیلنج ہے، مریم نواز جلد ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔
اپنے بیان میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا ہے، پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے لاکھوں جانوں کو محفوظ بنایا گیا ہے، مریم نواز اور ان کی ٹیم سیلاب متاثرین کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا ہے، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کیلئے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کی آباد کاری ایک بڑا چیلنج ہے، سیلاب کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، سروے مکمل ہونے کے بعد وزیراعلی پنجاب مریم نواز جلد ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پر انگلی وہ اٹھا رہے جن کے اپنے صوبے میں سیلاب اور بارشوں سے سیکڑوں لوگ جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا میں متاثرہ لوگ آج بھی بے یارومددگار پڑے ہیں، کے پی حکومت لوگوں کے مسائل حل کر رہی نہ اپنی رٹ قائم کر پا رہی۔