تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریبا 11 بجے گوجرانوالہ کے علاقہ سیٹلائٹ ٹان میں تین ڈاکوں نے پولیس پر اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل بابر شدید زخمی ہو گیا۔ ڈاکو موقع سے فرار ہو کر سیالکوٹ کی جانب روانہ ہوئے جہاں بمباوالا تھانہ کی حدود میں دوبارہ مقابلہ ہوا۔ اس دوران ہیڈ کانسٹیبل افتخار سندھو اور کانسٹیبل نوید نے ڈاکوں کو روکنے کی کوشش کی، مگر ڈاکوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے افتخار سندھو سینے، پسلیوں اور ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو کر بعد ازاں جام شہادت نوش کر گئے، جبکہ کانسٹیبل نوید کو بازو میں گولی لگی۔
ڈاکو ایک بار پھر فرار ہو گئے، تاہم گوجرانوالہ اور سیالکوٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تعاقب جاری رکھا۔ بالآخر راہوالی کے علاقے میں دوبارہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں دو ڈاکو جن کی شناخت علی حیدر ولد نواز قوم گوندل ساکن چک پاکھر اور گلفام عرف گامو ولد اشفاق بگو پلار قوم ساکن منگوکے ورکاں کے طور پر ہوئی موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔
شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل افتخار سندھو پولیس فورس کا بہادر سپاہی تھا جس نے جان پر کھیل کر جرائم پیشہ عناصر کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔