نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر) نوشہرہ ورکاں کے معروف ایجوکیشن کنسلٹنٹ انجینئر سید آفتاب شاہ نے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہیں فارن ایجوکیشن کنسلٹنٹس کے عظیم اجتماع میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا، جہاں ملک بھر سے اعلی تعلیمی ماہرین اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق اس تاریخی ایونٹ میں بیرونِ ملک تعلیم کے مواقع، طلبہ کے مستقبل، اسکالرشپس اور مختلف ممالک کی ایجوکیشن پالیسیز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے ماہرین نے نوجوان نسل کی رہنمائی کے لیے اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر انجینئر سید آفتاب شاہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اور میرے شہر نوشہرہ ورکاں کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اس عظیم اجتماع کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ اس پلیٹ فارم پر نہ صرف تعلیم کے فروغ بلکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے مثبت بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک اعلی تعلیم کے دروازے پاکستانی طلبہ کے لیے وسیع ہیں، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبہ درست رہنمائی حاصل کر کے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔ انجینئر سید آفتاب شاہ نے FSC پاکستان کے منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ایسے اجلاس نوجوانوں کے لیے روشنی کی کرن ثابت ہوں گے۔