نوشہرہ ورکاں : ہسپتال میں بارش کا پانی ، مریض مشکلات کا شکار
نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں انتظامی غفلت، بارش سے دو فٹ پانی کھڑا ہو گیا ، مریض و لواحقین پریشان،ایم ایس غیر حاضر، گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں دو دو فٹ تک بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث مریضوں، تیمارداروں اور اسپتال کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال کے مختلف حصوں اور راہداریوں میں پانی جمع ہونے سے مریضوں کا علاج معالجہ متاثر ہوا جبکہ اسپتال میں آنے والے مریض اور ان کے لواحقین سخت پریشانی میں مبتلا رہے۔عینی شاہدین کے مطابق اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ(ایم ایس)موقع پر موجود نہیں تھے جبکہ دیگر انتظامی افسران اور عملہ بھی نکاسی آب کے لیے مثر اقدامات کرنے میں ناکام رہا۔ مریضوں نے شکایت کی کہ اسپتال کے اندر نکاسی آب کا کوئی مثر نظام موجود نہیں جس کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد بھی اسپتال تالاب کا منظر پیش کرتا ہے۔او پی ڈی ،لیبر روم ، عملہ کے رہائشی بلڈنگز میں جانے کے لئے دو فٹ پانی میں سے گزرنا پڑ رہا ہے شہریوں اور مریضوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور انتظامی افسران کی غفلت کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو بنیادی علاج معالجے کی سہولیات میں رکاوٹ نہ آئے۔