چینی کی قیمت میں مزید اضافہ، میٹھی اشیا بھی مہنگی
گوجرانوالہ چینی کی قیمت میں کمی نہ آسکی ،اوپن مارکیٹ میں 181روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہونے لگی۔۔۔
جبکہ دکاندار 195 سے 200روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ ہول سیل مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 50 کلو گرام تھیلے کی قیمت میں 600روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد قیمت 9ہزار 50 روپے ہو گئی ہے ۔ قیمت میں اضافہ سے عام آدمی کیلئے چینی کی خریداری مشکل ہو گئی ۔چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث اس سے تیار ہونے والی مٹھائی ، بیکری مصنو عات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔ چینی کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں شوگر ملز سے چینی مہنگی مل رہی ہے ، سٹہ مافیا نے قیمت میں اضافہ کیا ہے ،بڑے بڑے ڈیلرز اس میں ملوث ہیں جن کیخلاف حکومت کو کارروائی کرنی چاہیے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی وہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں،سبزی ،پھل اور دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں کے بعد اب چینی کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے جس پر انتظامیہ کو کنٹرول کرنا چاہیے ۔شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ٹھنڈے کمروں سے نکل کر گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانی چاہیے تاکہ عوام کوضروریات زندگی کی اشیا مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوسکے۔