نویں اور دسویں محرم الحرام پر سکیو رٹی کے سخت انتظامات
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)نویں اور دسویں محرم کوگوجرانوالہ میں 213مجالس اور192جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ،4ہزار سے زائد پولیس افسر وملازمین جبکہ 1500زائد رضاکارڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔قیام امن اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے گوجرانوالہ پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔فلیگ مارچ میں ایس پی سٹی و سول لائن ، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس اور رینجرر کے دستوں نے شرکت کی ،فلیگ مارچ پولیس لائنز سے شروع ہو کر شہر بھر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا پولیس لائنز میں ہی اختتام پزیر ہوا۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر ایاز سلیم نے کہا کہ قومی یکجہتی اور امن ہماری پہلی ترجیح ہے ، شر پسندوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو سکیورٹی کا عملی احساس دلانا ہے ،عشرہ محرم کے دوران پولیس افسر و جوان ہائی الرٹ ہو کر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔