پاکستان،بنگلہ دیش میں15سال بعد مذاکرات:ڈھا کا میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ کاوفد کے ہمراہ ہم منصب کیساتھ اجلاس،چیف ایڈوائزر محمدیونس سے ملاقات،تجارت ،سرمایہ کاری پر گفتگو
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 15 سال کے تعطل کے بعد خارجہ سیکرٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات کا چھٹا دور منعقد ہوا، ڈھاکا میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیشی ہم منصب جاشم الدین سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
ڈھاکا کے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس پدما میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دفتر خارجہ کا مشاورتی اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس میں دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریز نے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور بنگلہ دیشی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد جاشم الدین نے کی۔دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے ، اس دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں فریقین نے تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے ، اگر ان مصنوعات کی قیمتیں متوازن ہوں جن میں کپاس، چینی، چاول اورگندم شامل ہے ۔
بعد ازاں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائز رمحمد یونس سے ملاقات کی جس میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کے روابط، علاقائی انضمام، اور سارک کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔ڈاکٹر یونس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اپنا وژن بھی پیش کیا جب کہ آمنہ بلوچ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔آمنہ بلوچ نے امور خارجہ کے مشیر توحید حسین سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی امور، خصوصا سارک کی بحالی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و معیشت پر گفتگو کی گئی، آمنہ بلوچ کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوگی۔علاوہ ازیں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار 22 سے 24 اپریل تک بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے ، جس میں اقتصادی اور سیاسی تعاون کے مزید امکانات پر بات چیت متوقع ہے ۔خارجہ سیکرٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات (ایف ایس ایل سی) کا ساتواں دور 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔