نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ،پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ؟
تحصیل رپورٹر (نوشہرہ ورکاں)سردی کی راتوں میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، عوام بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے۔ نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں چوری کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سردی کی راتوں میں چور آسانی سے واردات کر کے لوگوں کے قیمتی سامان کا صفایا کر رہے ہیں، جبکہ متاثرہ شہری اپنی مدد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق محلہ رڑوالہ کے محمد نواز کے گھر کے باہر سے ایک لاکھ دس ہزار روپے مالیت کی موٹر سائیکل چوری کر لی گئی۔ دوبرجی ورکاں کے محمد اعظم کے کمرے کا دروازہ توڑ کر نوے ہزار روپے مالیت کی زرعی موٹر چور لے اڑے۔اسی طرح محلہ باٹھ میں کلیاں کے رہائشی محمد افضل کی پینسٹھ ہزار روپے مالیت کی موٹر سائیکل اس وقت چوری ہوئی جب وہ چائے پینے کے لیے رکے تھے۔ خان مسلمان کے ابرار حسین کی بھی ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے مالیت کی زرعی موٹر چوری ہو گئی۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی راتوں میں چوروں کی سرگرمیاں بے خوف جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوری کی روک تھام میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ عوام نے حکامِ بالا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان وارداتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور عوام کو تحفظ فراہم کریں۔