مرغی کے گوشت کی قیمت میں پھر اضافہ،انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ،مرغی کا گوشت 720روپے فی کلو گرام فروخت ہونے لگا،مرغی فروشوں نے سرکاری ریٹ کو نظر انداز کر دیا۔شہریوں کیلئے برائلر مر غی کا گوشت خریدنا مشکل ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں اچانک دوبارہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے ،مرغی کا گوشت700روپے سے لے کر720روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو تا رہا جبکہ زندہ فارمی مرغی510روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ۔ گوشت فروشوں نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ10روزقبل مرغی کا گوشت530روپے کلو فروخت ہو رہا تھا لیکن یک دم200روپے کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے ۔دوسری طرف گوشت فروشوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی ہی مہنگی مل رہی جبکہ پولٹری فارمز سے مر غیاں مل ہی نہیں رہی جس کیو جہ سے ریٹ بڑے ہیں۔