میڈیا رپورٹس کے مطابق ہونڈا کی جانب سے سِوک کی ابتدائی تعارفی قیمت84لاکھ99ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سِوک اورئیل کی قیمت88لاکھ34ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ اسی طرح ٹاپ آف دی لائن ویریئنٹ سِوک آر ایس ایک کروڑ ایک لاکھ روپے میں متعارف کروایا گیا ہے۔
کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قیمتیں صرف تعارفی مرحلے کے لیے ہیں اور محدود مدت تک ہی لاگو ہوں گی، جن کا اطلاق مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہونڈا پاکستان نے اپڈیٹڈ سِوک لائن اپ کی بکنگز کا آغاز کیا تھا، جس کے ساتھ بکنگ امانٹس میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق سِوک کے لیے بکنگ امانٹ 13لاکھ روپے، سِوک اورئیل کے لیے14لاکھ روپے جبکہ سِوک آر ایس کے لیے16لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ہونڈا نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ نئی سِوک رینج میں معمولی فیس لفٹ کے ساتھ تمام ویریئنٹس میں جدید اور بہتر فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ ڈرائیونگ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
تاہم کمپنی کی جانب سے فیچرز کی مکمل تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی گئیں۔ تعارفی قیمتوں کی مدت کے بارے میں بھی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی، جس کے باعث دلچسپی رکھنے والے صارفین کو جلد بکنگ کروانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
آٹو انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ محدود مدت کے لیے متعارف کروائی گئی یہ قیمتیں نئے سال 2026 کے آغاز پر مارکیٹ میں ہونڈا سِوک کی مانگ بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، خصوصا ایسے وقت میں جب پاکستان کی آٹو انڈسٹری ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
