JavaScript is not enabled!...Please enable javascript in your browser

جافا سكريبت غير ممكن! ... الرجاء تفعيل الجافا سكريبت في متصفحك.


Startseite

بھارتی دفاعی نظام تباہ کرنیوالےJF17تھنڈر کی مانگ میں اضافہ:دبئی ایئر شو میں کئی ممالک کی خریداری میں دلچسپی دوست ملک کے MoUپر دستخط

بھارتی دفاعی نظام تباہ کرنیوالےجے ایف 17تھنڈر کی مانگ میں اضافہ:دبئی ایئر شو میں کئی ممالک کی خریداری میں دلچسپی دوست ملک کےایم اویوپردستخط

معرکہ حق میں عالمی سطح پر خود کو جنگی طیارے کے طور پر اجاگر کیا ، ایم او یو پاکستان کے دفاعی ،صنعتی تعاون میں اہم پیش رفت ،بڑھتی شہرت بین الاقوامی سطح پر اعتماد کی علامت، آئی ایس پی آر فیلڈ مارشل اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے بلاخوف و خطر فیصلے کئے ،وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حق ملے گا ، وزیراعظم

دبئی، اسلام آباد:دبئی ایئر شو میں بھارت کا دفاعی نظام تباہ کر نے والے (JF17 تھنڈر)بلاک تھری کے نہ صرف دنیا بھر میں چرچے ہیں بلکہ ان کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گیا ، ایک دوست ملک کے ساتھ اس کی خریداری کے حوالے سے یاد داشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا دستہ دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لئے یو اے ای میں موجود ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ایئر شو کے دوران جدید (JF17 تھنڈر)بلاک تھری طیارے نے غیر معمولی دلچسپی حاصل کی ۔ معرکہ حق میں ا س طیارے کی نمایاں کارکردگی نے (JF17 تھنڈر) کو ایک قابلِ اعتماد جنگی طیارے کے طور پر عالمی سطح پر اجاگر کیا اور کئی ممالک نے اس میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک دوست ملک کے ساتھ (جے ایف17 تھنڈر) کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر دستخط بھی ہوگئے جو پاکستان کے دفاعی اور صنعتی تعاون میں ایک اہم پیش رفت قرار دی گئی ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ معاہدہ (JF17 تھنڈر) کی بڑھتی عالمی شہرت اور بین الاقوامی سطح پر اس پر اعتماد کی علامت ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق دبئی ائیر شو میں معروف سپر مشاق ٹرینر طیاروں نے بھی شرکت کی ۔دبئی ایئر شو میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شرکت کی،انہوں نے اس دوران دوست ممالک کے ایئر چیفس کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے یو اے ای ایئر سٹاف کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل علی البرائیل ، کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئرڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی سے ملاقات کی ،ا س موقع پر اعلی تربیت میں تعاون مضبوط بنانے ،ایرو سپیس ٹیکنالوجیز میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔متحدہ عرب امارات کی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کے جدت کے اقدامات اور صلاحیتوں کو سراہا ۔ (JF17 تھنڈر) بلاک تھری دفاعی تجزیہ کاروں،ہوابازی کے ماہرین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے ۔

اسلام آباد،باغ(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ میں بھارت کو زناٹے دار تھپڑ مارا،4روز میں بھارتی فوج گھٹنوں پر آگئی،امریکی کانگریس نے جیت پر مہر لگادی، معاشی میدان میں بھی فتح حاصل کریں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، دانش سکولوں کا جو خواب دیکھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزرا امیر مقام، احسن اقبال، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا باغ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے ، یہ وہ دانش گاہ ہے جس کا سفر ہم نے پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں یہ دانش گاہیں دن رات تعمیر و ترقی کے ذریعے پھیل رہی ہیں، بھمبر میں دانش سکول کا 35 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کو باغ کے دانش سکول کا23 مارچ 2026 کو افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے ، دانش سکول کا دائرہ کار وادی نیلم تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے فارورڈ کہوٹہ میں دانش سکول کے قیام کا مطالبہ کیا ہے ، ان کی خواہش پر فارورڈ کہوٹہ کے لئے تحفتا دانش سکول کا اعلان کرتا ہوں، اس موقع پر انہوں نے ضلع حویلی اور وادی لیپہ میں بھی 2 دانش سکولوں کے قیام کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، دانش سکولوں میں غریبوں کے بچے بہترین تعلیمی سہولیات حاصل کر رہے ہیں، میرٹ پر مفت اور بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ۔ دانش سکولوں کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے ، عوام کو ایسی تعلیمی سہولیات کی فراہمی علامہ اقبال اور قائداعظم کا وژن تھا، دانش سکولوں میں پڑھنے والے بچے پاکستان کا نام روشن کریں گے اور اسے عظیم ملک بنائیں گے ۔ دانش سکولوں سے غریب اور یتیم بچوں کو بھی انجینئر، ڈاکٹر بننے کے مواقع ملے اور کیمبرج جیسے اداروں میں بھی یہ بچے پہنچ کر اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے ۔ وزیراعظم نے امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا اس نے پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی طرف سے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے ہیں، پاکستان کو جو عزت آج ملی ہے یہ ہمارے بہادر جوانوں اور شاہینوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملی ہے ، ہماری بری افواج نے بھارت پر الفتح میزائل داغ کر چار دن میں اسے گھٹنوں کے بل گرنے پر مجبور کر دیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے ہم نے بلاخوف و خطر فیصلے کئے 

افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و جنگی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد معاشی میدان میں بھی فتوحات کا دائرہ بڑھایا جائے گا جس کیلئے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے ، جو قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرتیں وہ کامیاب نہیں ہوتیں۔ ایک دن آئے گا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حق ملے گا اور ان کے بچے بھی دانش سکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے ۔ انہوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت پر مشتمل کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر گورننس کا مثالی معیار قائم کریں، آزاد کشمیر کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا وزیراعظم شہباز شریف کی آزاد کشمیر سے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کر رہی ہے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت مل کر رہے گا۔ امیر مقام نے کہا دانش سکولوں کے قیام کا یہ اقدام تاریخ کا حصہ بنے گا، وزیراعظم نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔احسن اقبال نے کہا آئندہ دور ٹیکنالوجی، علم اور برین پاور کا ہے ، پاکستان کی ترقی کیلئے اڑان پاکستان جیسے منصوبے طلبہ کیلئے فائدہ مند ہیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا مستحق اور ہونہار طلبہ کی زندگیاں بنانے کا خواب آج پورا ہو رہا ہے ، دانش سکول پراجیکٹ بچوں کی زندگیاں بدل رہا ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیر زادہ اور وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عون چودھری نے ملاقات کی، اس دوران وزارتی امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


NameE-MailNachricht