تعمیراتی کام کیلئے بہترین معیار کی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں:حکام کو ہدایت شہباز شریف سے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی ، آذربائیجان کے وزیر سے ملاقات
اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی دارالحکومت میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کی سائٹس کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے گفتگو میں کہا کہ متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے تاکہ کوئی حق دار محروم نہ رہے اور غیر مستحق فائدہ نہ لے جائے ، اس میں کوئی سیاست نہیں ہوگی ۔وزیراعظم کو دونوں منصوبوں کی تعمیر سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ ماہرین کی مشاورت سے منصوبے کا پی سی ون تیار کیا گیا ۔ جس پر شہباز شریف نے مزید کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کے منصوبوں کے تعمیراتی کام کیلئے بہترین معیار کی حامل کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں، ادائیگی تھرڈ پارٹی تصدیق کے بعد کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور وفاقی وزیر پٹرولیم کی زیر نگرانی یہ منصوبہ مکمل ہونا چاہئے اور وہ اس کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔وزیراعظم نے کہا جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کی مینجمنٹ سمیت تمام معاملات ڈیجیٹائز ڈہونے اور عالمی معیار کا پیپر لیس اور فیس لیس نظام ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے ،سڑکوں کی تعمیر میں معیاری کام کو یقینی بنایا جائے اور ہارٹیکلچر کا بھی پلان اس میں شامل ہونا چاہئے ۔دریں اثنا شہباز شریف سے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی بابر نواز، بلال فاروق تارڑ ، بلال بدر، راجہ دانیال، حافظ نعمان ، طفیل جٹ اور محمود قادر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، احسن اقبال ، عطا اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے نو منتخب اراکین کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی قائد نواز شریف کے ویژن، انکی بے مثال قیادت اور پارٹی کارکنوں کی محنت کی بدولت حاصل ہوئی،ضمنی انتخابات میں کامیابی وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی صوبے کی عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے ان کی محنت پر عوام کے اعتماد کی عکاس ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 راجن پور سے رکن قومی اسمبلی شمشیر علی مزاری نے بھی ملاقات کی اور اپنے حلقے کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف سے جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات میکائیل جباروف بھی وزیراعظم ہاس اسلام آباد میں ملے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کا وسیع جائزہ لیا گیا ، دونوں فریقوں نے اقتصادی تبادلوں میں پیشرفت کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر اتفاق ، دفاعی پیداوار، پٹرولیم ، معدنیات، تعمیرات، لائیوسٹاک، سیاحت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
