پنجاب :طوفافی بارش سے تباہی،2افراد جاں بحق ،کئی زخمی:بحیرہ عرب میں طوفان کا ایک او ر الرٹ
لاہور،قصور،کھڈیاں خاص،کراچی: پنجاب میں شدید آندھی اور بارش سے تباہی ،کئی مقامات پر درخت اور دیواریں گر گئیں، چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ،کئی زخمی ہو گئے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بحیرہ عرب میں شدید سمندری طوفان شکتی کے حوالے سے 9 واں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طوفان کا مرکز کراچی سے تقریبا 700 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے ، ساحلی علاقوں کو سمندری طوفان سے کوئی خطرہ نہیں، طوفان کے زیر اثر آج سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں گزشتہ روز رات گئے تیز بارش سے جناح ہسپتال مارکیٹ روڈ پر 10 سے زائد درخت ،شاخیں گر گئیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی کی دیوار بھی جنگلوں سمیت 5سے زیادہ مقامات پر گر گئی،بجلی کے کچھ کھمبے ٹیڑھے ہو گئے ،جس سے تاریں ٹوٹ گئیں۔لکشمی چوک، نسبت روڈ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، گلبرگ، جوہر ٹان، گرین ٹان اور ٹان شپ سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، آندھی اور طوفان کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔رائیونڈ سٹی کی مشن کالونی محلہ رحمن پورہ میں محنت کش شوکت کے گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے اس کی 30سالہ بیٹی رابعہ جاں بحق اور 2 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ،متوفیہ رابعہ تین بچوں کی ماں تھی۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
ادھر قصور اور گردونواح میں طوفانی ہوا اور بارش سے کچے اور بوسیدہ گھروں کی چھتوں کے گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے کئی گھنٹے بجلی بند رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔کھڈیاں خاص قصور کے نواحی گاوں ڈھولن ہٹھاڑ میں گذشتہ رات تیز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث ایک بوسیدہ مکان کی چھت پر درخت گر گیا اور اس کے نتیجہ میں مکان کی چھت گر گئی اور ملبے تلے دب کر 65 سالہ ندیم احمد دم توڑ گیا۔ جبکہ فیروزپور روڈ وڈانہ میں کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ کرلگنے سے 35 سالہ ساجد رفیق شدید زخمی ہوگیا ،اسے قریبی ہسپتال شفٹ کردیا گیا ۔ علاوہ ازیں دیگر شہروں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال ،قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی۔ ادھر بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شکتی کے حوالے سے 9 واں الرٹ جاری، آج ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان، شمال مغربی بحیرہ عرب پر آنے والا شدید سمندری طوفان شکتی گزشتہ 6 گھنٹے کے دوران مغرب/جنوب مغرب کی طرف بڑھا۔ محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بحیرہ عرب میں شدید سمندری طوفان شکتی کے حوالے سے 9 واں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندری طوفان شکتی کا مرکز کراچی سے تقریبا 700 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے ، پاکستان کے ساحلی علاقوں کو سمندری طوفان سے کوئی خطرہ نہیں، طوفان کے زیر اثر آج سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔