گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے السید مارکی میں اجتماعی شادیوں کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے آئے مہمانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تمام باراتوں کا بزمِ نعت کی کمیٹی کی جانب سے یکساں انداز میں استقبال کیا گیا، جہاں دلہا دلہن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ دلہوں کو اجتماعی طور پر اسٹیج پر بٹھایا گیا، سلامی دی گئی اور یادگار گھڑیاں بھی پہنائی گئیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا نے اپنے خطاب میں بزمِ نعت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ *اجتماعی شادیاں ہمارے معاشرے کے نادار اور مستحق طبقے کے لیے امید کی کرن ہیں، ایسے پروگرام حقیقی انسانی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔*
بزمِ نعت کے روح رواں رائو امجد علی خان نے بتایا کہ اس سال ردائے زہرہ سکیم کے تحت یتیم اور مستحق 25بچیوں کی اجتماعی شادیاں کی گئیں ہیں ۔ تنظیم اب تک 413 بچیوں کی شادیاں اجتماعی پروگرام کے تحت کروا چکی ہے۔ اس سال بھی ہر دلہن کو اڑھائی لاکھ روپے مالیت کا مکمل جہیز فراہم کیا گیا تاکہ وہ باوقار انداز میں اپنی نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔نہوں نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ غریب اورمستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیاں باعزت طریقے سے ممکن بنائی جا سکیں۔ شرکا نے بزمِ نعت کی اس خدمت کو معاشرتی فلاح و بہبود کی اعلی مثال قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں اوورسیز پاکستانی عمر دراز کالیا،اسحاق کھرل ، سیٹھ لطیف ، سماجی و تجارتی رہنماء حاجی محمد ناصر ، حاجی سعید ، حاجی رمضان منہاس ،حاجی شاہد سراء ،حاجی میاں خلیل احمد ،چوہدری حبیب آرائیں،امتیاز اشرف منج ، رائو اشتیاق علی خاں ، رائو ارشد علی ،ظہیر اکرم گورائیہ ایڈووکیٹ ،رائو سبطین علی خاںایڈووکیٹ ،خوشیوں سے بھرپور اس تقریب میں شریک مہمانوں نے بھی دعا کی کہ یہ نئے جوڑے ہمیشہ خوش و خرم رہیں۔ تمام دلہنوں کو نیک تمناں اور ڈھیروں دعاں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔