کینسر کا علاج مفت،مریضوں کو جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح:مریم نواز
لاہور:وزیراعلی مریم نواز شریف نے میو ہسپتال لاہور میں پاکستان کے جدید ترین کو ابلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا افتتا ح کردیا،انہوں نے صحت یاب ہونیوالے پہلے 5مریضوں سے ملاقات کی اورکوابلیشن مشین کا معائنہ کیا جبکہ پیرامیڈیکل سٹاف نے طریقہ علاج پر بریفنگ دی۔
وزیراعلی نے 5 مزید کو ابلیشن مشینیں منگوانے کا حکم دیا اور ڈاکٹراور سٹاف کا پول قائم کرکے کو ابلیشن کے لئے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز کا کہناتھاکہ کینسر کے علاج کیلئے جدید ٹیکنالوجی سب سے پہلے پنجاب میں متعارف کروائی ہے ، یہ ٹیکنالوجی بھارت میں بھی نہیں ہے ،کینسر کے مریضوں کا 100فیصد علاج فری ہوگاجبکہ دیگر صوبوں کے ضرورت مندمریضوں کا علاج بھی کیاجائے گا،جلد اور مفت علاج میری ترجیح ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کو ابلیشن مشین پر کینسر سیل کولیکوڈ نائٹروجن کے ذریعے منفی198 ڈگری تک فریز کرکے ڈیڈ کیا جاتا ہے ،دوسرے مرحلے میں کو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر سیل کو 83 ڈگری تک ہیٹ اپ کرکے ختم کیا جاتا ہے ۔ 60 سے 120منٹ کے آپریشن کے بعد مریض چند ہی گھنٹوں میں چلنے پھرنے کے قابل ہوتا ہے۔
کو ابلیشن مشین پر ایک مریض کے علاج میں تقریبا16 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ کو ابلیشن مشین کے ذریعے جگر، پھیپھڑے اور بریسٹ کینسر کا ابتدائی طور پر علاج کیا جارہا ہے ۔ وزیراعلی نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے مریضوں کوعلاج کی جدید سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ، کوابلیشن کے نئے اور جدید طریقہ کار کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج شروع ہونے پر بے حد خوش ہوں۔ 5 کو ابلیشن مشینیں اور لائیں گے جنہیں نشترملتان، راولپنڈی اور3 نواز شریف کینسر ہسپتال میں نصب کریں گے ۔ بعدازاں مریم نواز نے ایکس پرخوشی بھرے پیغام میں کہاکہ دورہ چین میں میری نظر Hygea کمپنی کی مہلک ٹیومرز کے علاج کی جدید ٹیکنالوجی پر گئی، کوابلیشن ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ کم تکلیف عمل ہے اور صرف 60 منٹ کا علاج ہے ،مریض فورا گھر واپس جا سکتا ہے ۔، الحمدللہ پہلی مشین میو ہسپتال میں نصب ہو چکی ہے اورپانچ مریض کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔