JavaScript is not enabled!...Please enable javascript in your browser

جافا سكريبت غير ممكن! ... الرجاء تفعيل الجافا سكريبت في متصفحك.


Home

ہنگری کی سکیٹر نے دنیا کو حیران کر دیا



 ہنگری کی سکیٹر نے دنیا کو حیران کر دیا

برف پر دو بلیڈز کے سہارے سیدھا کھڑا رہنا ہی بہت سے لوگوں کیلئے ایک مشکل کام ہوتا ہے۔اب ذرا تصور کیجیے کہ آپ کو ایک رسی تھما دی جائے اور کہا جائے کہ ایک منٹ میں جتنی زیادہ ممکن ہو سکے اتنی بار اس پر چھلانگ لگائیں اور وہ بھی آئس اسکیٹنگ شوز کے ساتھ۔ ہنگری کی جونیئر اور سینئر نیشنل چیمپئن آئس سکیٹر ایزٹر سومبا تھیلی (Eszter Szombathelyi) نے انتہائی مہارت کے ساتھ یہ کارنامہ سر انجام دے کر نا صرف سب کو حیران کر دیا بلکہ اپنی محنت، لگن اور جرات سے ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔ ہنگری کی اس نوجوان باصلاحیت سکیٹر نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کو اپنا ''سب سے بڑا خواب قرار دیا ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف کھیل کی دنیا کیلئے ایک حیران کن لمحہ ہے بلکہ نوجوانوں کیلئے امید اور حوصلے کی روشن مثال بھی بن گیا ہے۔

امریکا کے شہر سن ویلی (آئیڈاہو) میں تماشائیوں کے سامنے، ایزٹر سومبا تھیلی نے برف پر اسکیٹس پہنے ہوئے ایک منٹ میں سب سے زیادہ رسی پر کودنے کا کارنامہ انجام دیا، ایک ایسا کارنامہ جس کا خواب وہ برسوں سے اپنی آنکھوں میں سجائے ہوئے تھیں۔

اسے 45بار رسہ کودنے کا ریکارڈ توڑنا تھا مگر انہوں نے صرف 45 جمپس کی حد کو عبور کرنے کے بجائے حیران کن طور پر 136 مرتبہ رسی پر چھلانگ لگائی۔ چمکدار جمپ سوٹ پہنے، ایزٹر نے اس دوران نہ صرف بآسانی رسی کو بار بار گھمایا بلکہ اسکیٹس کے بلیڈز پر بار بار اچھل کر ثابت کیا کہ انسان جب کوئی کام کرنے کی ٹھان لے تو کوئی بھی مشکل اس کے راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ وقت مکمل ہونے کے بعد ایزٹر خوشی سے مٹھیاں لہراتی اوراسکیٹنگ کرتی ہوئی برفیلے میدان سے باہر آئیں تو وہاں پر موجود تماشائیوں نے زور دار تالیاں بجا کر ان کا بھرپور استقبال کیا۔

سکیٹر ایزٹر سومبا تھیلی نے عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ کوئی ایسا کارنامہ سرانجام دوں جس سے دیگر نوجوان آئس سکیٹرز اور پرفارمرز کو بڑے خواب دیکھنے کی ترغیب ملے اور میں انہیں دکھاوں کہ اگر ہم ہمت کریں تو سب کچھ ممکن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ میں فگر سکیٹنگ کی دنیا میں ایک نیا اور شاندار ایکروبیٹک عنصر شامل کرنا چاہتی ہوں۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد ایزٹر نے برف پر کھڑے ہو کر اس کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔

شاندار! ناقابلِ یقین! حیرت انگیز!

جب آپ کا سب سے بڑا خواب حقیقت بن جائے... تو احساس بس یہی ہوتا ہے: شاندار! ناقابلِ یقین! حیرت انگیز!میں دل سے امید کرتی ہوں کہ میں دوسروں کو بھی بڑے خواب دیکھنے اور ان کیلئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دے سکوں۔ اگر آپ میں محنت کرنے اور دل و جان سے کوشش کرنے کا حوصلہ ہو تو ہر چیز ممکن ہے۔ اگر آپ کسی چیز کو دل سے چاہتے ہیں تو آپ کو اپنی قسمت خود بنانی ہوتی ہے اور اس کے پیچھے لگ جانا پڑتا ہے۔ سب کا شکریہ جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور حوصلہ افزا الفاظ کہے۔

مہوش اکرم ایک صحافی ہیں، تحقیقی و معلوماتی مضامین لکھنے کا شوق رکھتی ہیں، ان کے مضامین مختلف جرائد اور ویب سائٹس پر شائع ہوتے رہتے ہیں



NameEmailMessage