سرکاری سکولوں میں "چھونے کے مہذب و غیر مہذب انداز" سے متعلق آگاہی کے دلچسپ مقابلے ،اسسٹنٹ کمشنر کی خصوصی شرکت
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر) پنجاب بھر کی طرح تحصیل نوشہرہ ورکاں میں بھی بوائز اور گرلز پبلک سکولز میں "چھونے کے مہذب و غیر مہذب انداز" سے متعلق آگاہی کے سلسلہ میں تحصیل سطح پر آرٹ مقابلے منعقد ہوئے، جن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں جواد حسین پیرزادہ نے کی جبکہ سیکرٹری ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن (میل و فی میل) اور ممبر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بھی کمیٹی کا حصہ تھے۔ بوائز مقابلے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1نوشہرہ ورکاں میں ہوئے جن میں 15سکولوں نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1نوشہرہ ورکاں کے طالب علم حسنین علی نے پہلی، گورنمنٹ ہائی سکول گرمولہ ورکاں کے احمد تبریز نے دوسری اور گورنمنٹ ہائی سکول ماڑی بھنڈراں کے عبداللہ ماجد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح گرلز مقابلے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1نوشہرہ ورکاں میں منعقد ہوئے جن میں 13سکولوں کی طالبات نے شرکت کی۔ ان مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1نوشہرہ ورکاں کی طالبہ حرم پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تتلے عالی کی کرسٹین دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 3نوشہرہ ورکاں کی فضہ بتول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ نے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد بچوں کو اچھے اور برے رابطے میں فرق کے بارے میں آگاہی دینا اور انہیں مہذب رویے کے ذریعے برتا کا شعور دینا ہے تاکہ تعلیمی اداروں میں ایک محفوظ اور معاون ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات نے اپنے فن پاروں کے ذریعے اہم پیغام کو مثر انداز میں پیش کیا۔ واضح رہے کہ تحصیل سطح پر کامیاب طلبا کو 50 ہزار، ضلع سطح پر ایک لاکھ جبکہ صوبائی سطح کے فاتحین کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ضلع سطح کے مقابلے 25اپریل کو گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول گوجرانوالہ میں ہوں گے جبکہ صوبائی سطح پر28اور29اپریل کو مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔