JavaScript is not enabled!...Please enable javascript in your browser

جافا سكريبت غير ممكن! ... الرجاء تفعيل الجافا سكريبت في متصفحك.


Accueil

پنجاب کی دیہاتی خواتین کے لیے آن لائن ڈیجیٹل اینڈ آئی ٹی پروگرام، اپلائی کیسے کریں؟



 لاہور (نیوز ڈیسک)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت دیہی خواتین کے لیے ڈیجیٹل فیوچر کے دروازے کھول دیے گئے۔ پنجاب میں پہلی بار چیف منسٹر مریم نواز آئی ٹی ٹریننگ اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کا آغاز کر دیا گیا، جس کے تحت صوبے بھر کی 27 ہزار دیہی خواتین کو جدید ڈیجیٹل اور آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی۔


یہ پروگرام پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت 6 ماہ کی آن لائن ٹریننگ پر مشتمل ہوگا، جس میں خواتین کو ویب ڈویلپمنٹ، کوڈنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، سوشل میڈیا مینجمنٹ، گرافک ڈیزائن، ملٹی میڈیا، فری لانسنگ، ریموٹ ورک، ڈیٹا انٹری، آفس آٹومیشن اور سائبر سیکیورٹی کی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔


ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کو اسکالر شپ، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور فری وائی فائی ڈیوائس فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں، پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ انہیں سرٹیفکیٹ اور جاب لنک بھی دے گا تاکہ وہ روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔


دیہی خواتین گھر بیٹھے فری لانسنگ اور آن لائن بزنس کر سکیں گی، اپنے گھروں کو مائیکرو انٹرپرائز میں تبدیل کر کے معاشی طور پر خود مختار بن سکیں گی۔ پروگرام میں شمولیت کے لیے خواتین PSDF کی ویب سائٹ (psdf.org.pk) پر آن لائن اپلائی کر سکتی ہیں۔


وزیراعلی مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ ٹریننگ خواتین کو باوقار روزگار فراہم کرے گی، صنفی مساوات کو فروغ دے گی اور پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کی بنیاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 27 ہزار دیہی خواتین آئی ٹی کے میدان میں عالمی مارکیٹ سے مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گی۔


یہ اقدام دیہی خواتین کو بااختیار بنانے، معاشی ترقی میں شمولیت، اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو ممکن بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔

NomE-mailMessage