سی پی او نے نوشہرہ ورکاں کیلئے بڑا اعلان کر دیا ،پولیس خدمت مرکز سے شہریوں کو کیا فائدہ ہو گا


 نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی ) پولیس اور عوام میں قربت کا حقیقی تعلق محکمانہ ذمہ داری سے وفا کی مثال ہے اور سائلین کا حق ہے کہ اخلاق کے دائر ے میں رہ کر انکی شکایت اور مسئلے کا حل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار سی پی او گوجرانوالہ سید حماد عابد نے نوشہرہ ورکاں میں شمالی مسجد میں کھلی کچہری کے دوران نماز جمعہ میں شریک افراد اور کھلی کچہری میں آئے سائلین سے خطاب کے دوران کیا اور کہا ہے کہ مساجد میں کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو باور کرانا ہے کہ جو بھی مسئلہ یا شکایت ہو وہ سچ پر مبنی ہو اس موقع پر ایس پی صدر گوجرانوالہ عبدالوہاب ، ڈی ایس پی سرکل خالد اسلم اور ایس ایچ او نوشہرہ ورکاں ساجد محمود سوہل بھی موجود تھے  ۔ نوشہرہ ورکاں شمالی مسجد میں  کھلی کچہری کے دوران سائلین نے مقامی پولیس کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے ۔سی پی او حماد عابد نے فردا فردامسائل سنے اور متعلقہ افسران کو مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کیے ۔تفتیش کے بعد چالان مکمل کرنے کیلے ضمنیوں کے اخراجات کے نام پر سائلین سے پیسے لینا جرم ہے کیونکہ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چالان مکمل سمیت تمام اخراجات دئیے جاتے ہیں ۔اس لیے سائل پولیس کو کسی قسم کی رشوت دینے سے گریز کریں ۔ سی پی او نے نوشہرہ ورکاں میں خدمت پولیس مرکز کے قیام کی بھی یقین دہانی کروائی انہوں نے کہا کہ نوشہرہ ورکاں میں پولیس خدمت مرکز جلد ہی آپریشنل کر دیا جائے گا ۔سی پی او حماد عابد نے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز پر کریکٹر سرٹیفکیٹ ،جنرل پولیس ویرفیکیشن ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس ، ملازمین کی رجسٹریشن ، کرایہ دار کی رجسٹریشن ، گاڑیوں کی تصدیق ، گمشدگی رپورٹ ، کرائم رپورٹ ، خواتین پر تشد د کی رپورٹ ، اور ایف آئی آر کی کاپی سمیت دیگر سہولیات میسر ہوگی ۔




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے